نئی دہلی،12/جنوری (آئی این ایس انڈیا) آرمی چیف ایم ایم نارونے نے کہا ہے کہ ملکی فوج نہ صرف مشرقی لداخ میں بلکہ شمالی سرحد پر بھی ہائی الرٹ پر ہے۔ یہاں فوج ہر چیلنج سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔
آرمی چیف نے اپنی سالانہ پریس کانفرنس میں کہا کہ گزشتہ سال چیلنجوں سے بھرا ہوا تھا۔ سرحد پر تناؤ تھا اور کورونا انفیکشن کا خطرہ بھی تھا۔ لیکن فوج نے کامیابی کے ساتھ اس کا مقابلہ کیا ہے۔
آرمی چیف ایم ایم نارونے نے کہا کہ پاکستان اور چین مل کر ہندوستان کے لئے ایک خطرہ پیدا کرتے ہیں اور تصادم کے امکانات کو دور نہیں کیاجاسکتاہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے شمالی سرحد پراور لداخ میں اعلی سطح کی تیاری کی ہے اور کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔آرمی چیف نے لداخ اور شمالی سرحد کی تیاریوں کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ فوج نے سردیوں کی مکمل تیاری کرلی ہے۔
آرمی چیف نے لداخ کی صورتحال کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے کہا کہ ہم پرامن حل کی امید کرتے ہیں، لیکن ہم کسی بھی ہنگامی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔ اس کے لئے ہندوستان کی تمام تیاریاں مکمل ہیں۔